لاہور: (ویب ڈیسک) ماڈل، اداکارہ اور میزبان متھیرا نے کہا ہے کہ مرد اور عورت دونوں ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں۔
متھیرا نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی، کیریئر اور اپنی پلاسٹک سرجریز سے متعلق کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کم عمری میں ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی تو انہیں وہم ہو گیا کہ ان کے ہونٹ خراب ہیں جس وجہ سے انہیں ہونٹوں کو مصنوعی طریقے سے بڑا کروانے کی عادت پڑ گئی اور انہوں نے متعدد بار ایسا کیا۔
متھیرا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے ہونٹ اس طرح سرجری کے ذریعے بڑے کروائے کہ وہ بطخ لگنے لگی تھیں اور اس عمل نے انہیں ڈپریشن میں بھی مبتلا کردیا تھا۔
شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ اگرچہ ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی لیکن اس کے باوجود تاحال وہ شادی کو خوبصورت تعلق اور رشتہ سمجھتی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ہر کسی کو شادی کرنی چاہیے۔
ان کے مطابق اگر کسی کی پہلی شادی نہیں چل رہی یا انہیں شریک حیات اچھا نہیں مل رہا تو اسے ختم کرنا چاہیے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے کہ دوبارہ شادی نہ کی جائے۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ فیمنزم پر یقین نہیں رکھتی اور نہ ہی خود کو فیمنسٹ سمجھتی ہوں، مرد اور عورت دونوں ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں، وہ تب ہی مکمل بنتے ہیں جب ایک دوسرے سے ملتے ہیں، عورت کی زندگی میں مرد کا ہونا اس کے لیے سہولت کا سبب ہوتا ہے، اس پر شکر ادا کرنا چاہیے۔