یوٹیوبر زید علی کے والد انتقال کر گئے

Published On 28 October,2023 01:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر زید علی کے والد انتقال کر گئے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر زید علی نے اپنے بیٹے اور والد کے ہمراہ یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے والد کے انتقال کی انتہائی افسوس ناک خبر مداحوں کو سنائی۔

انہوں نے اپنے والد کو اپنا پہلا دوست اور سپر ہیرو قرار دیتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ اگر میں نے اپنی زندگی میں کسی کو سخت محنت کرتے ہوئے دیکھا ہے تو وہ آپ ہیں، آپ نے ہمیں خوشیاں دینے کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔

انہوں نے لکھا کہ میں آج جو کچھ ہوں آپ کی بدولت ہوں جس کے لیے میں آپ کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا، اگر میں صرف ایک فیصد بھی آپ جیسا بن سکا تو مجھے لگے گا کہ میں نے اس دنیا میں سب کچھ حاصل کر لیا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام میں والد کے بلند درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی اور صارفین سے بھی درخواست کی کہ وہ ان کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔

زید علی کی دعائیہ پوسٹ کے کمنٹس کے تبصرے میں مداحوں اور ساتھی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی بڑی تعداد نے ان کے والد کے لیے دعا کی، یوٹیوبر اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔