لاہور: (ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف گلوکار اذان سمیع خان نے فلسطینیوں سے حمایت اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے میوزک البم کی ریلیز روکنے کا اعلان کردیا۔
اذان سمیع خان نے انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے چاہنے والوں کے لیے ایک خصوصی نوٹ پوسٹ کیا جس میں اُنہوں نے 30 اکتوبر کو ریلیز ہونے والے اپنے نئے میوزک البم کی ریلیز سے متعلق اہم اعلان کیا۔
اذان سمیع خان نے کہا کہ ’’میں جب بھی کوئی گانا تیار کرتا ہوں تو میرا مقصد، اُس گانے کے ذریعے محبت پھیلانا ہوتا ہے لیکن ابھی اس وقت جو دُنیا کی موجودہ صورتحال ہے، اُس میں محبت کا جشن منانا مناسب نہیں ہے‘‘۔
گلوکار نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ’’فلسطین میں مظالم اور مسلم دنیا پر حملہ ہم میں سے ہر ایک پر حملہ ہے، ایسے میں کوئی خوشی منانے کا دل نہیں کررہا، فلسطین کے لوگوں کو دیکھ کر بہت زیادہ دُکھ ہوتا ہے‘‘۔
اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’بھاری دل کے ساتھ، میں یہ کہنا چاہوں گا کہ میں اپنا نیا البم، جو رواں ماہ 30 اکتوبر کو ریلیز ہونا تھا، اُس کی ریلیز کی تاریخ کو آگے بڑھا رہا ہوں، اب یہ البم 12 نومبر کو ریلیز ہوگا‘‘۔