لاہور: (فہیم حیدر) ماضی کی معروف اداکارہ ریما خان نے کہا ہے کہ میں نے ایک کامیاب اداکارہ بننے کے لیے دن رات محنت کی، 16 سال کی عمر میں ہی سٹار بن گئی تھی۔
حال ہی میں ریما خان نے دنیا نیوز کے مقبول ترین شو "مذاق رات" میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہیں سپر سٹار بننے کے لیے کیا کچھ کرنا پڑا۔
ریما خان سے جب اپنی خوبصورتی اور فٹنس سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ خود سے پیار کرتی ہیں اور یہی ان کی خوبصورتی اور فٹنس کا راز ہے، خود سے پیار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنی جسامت سمیت مکمل صحت کا خیال رکھیں گی۔
اداکارہ نے ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے فلموں میں ہیروئن کے کردار ادا کیے اسی طرح اب وہ حقیقی زندگی کے کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حقیقی زندگی میں پہلے وہ اداکارہ تھیں، پھر کسی کی بیوی بنیں، پھر ماں بنیں اور اب ان کا دوسرا کردار چل رہا اور حقیقی زندگی کی فلم جاری رہے گی مگر ان کے کردار تبدیل ہوتے رہیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے شوبز انڈسٹری میں اس لیے کوئی تنازعات اور سکینڈل نہیں ہے کیوں کہ انہوں نے شروع دن سے ہی اپنے کام پر توجہ دی، کسی سے انہوں نے کوئی لڑائی نہیں کی اور نہ حسد رکھا۔
ریما کا مزید کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود سے اچھے اداکار کی تعریفیں کیں اور ان سے سیکھنے کی کوشش کی جب کہ خود سے کم صلاحیتوں والے اداکاروں کو دیکھ کر انہوں نے کبھی غرور نہیں کیا۔