لاہور: (فہیم حیدر) معروف اداکار سلیم معراج نے کہا ہے کہ اداکاراؤں کو محبت بڑے اور امیر آدمی سے ہوتی ہے غریب سے نہیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اور منجھے ہوئے اداکار سلیم معراج نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مقبول ترین شو "مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر، نجی زندگی اور محبت سمیت دیگر موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
جوانی میں پہلی محبت کے سوال پر سلیم معراج نے کہا کہ جب وہ جوان تھے تو انہیں کسی سے محبت نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی ان پر فدا تھا کیوں کہ اس وقت وہ نام اور کیریئر بنانے میں مصروف تھے۔
اسی بات پر انہوں نے مزید کہا کہ میں نے نوٹ کیا ہے کہ بڑی اور مشہور اداکاراؤں کو کبھی کسی غریب سے محبت نہیں ہوئی، بڑی اور مشہور اداکاراؤں نے جب بھی محبت کی ہے تو انہوں نے بڑے اور امیر شخص سے محبت کی ہے، کسی غریب یا کیریئر بنانے کی کوشش کرنے والے سے نہیں کی۔
کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کیریئر میں کرداروں کے انتخاب میں غلطیاں بھی کیں لیکن انہوں نے ان غلطیوں سے سبق سیکھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ وہی کردار ادا کرتے ہیں جو انہیں اچھا لگتا ہے، ان کے لیے سب سے اہم بات سکرپٹ کا بہتر اور کردار کا مضبوط ہونا ہوتا ہے، انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہدایت کار کون ہے۔
سلیم معراج کے مطابق وہ جس کردار سے مطمئن ہوتے ہیں اسے ہی ادا کرتے ہیں پھر چاہے اس کردار کو لوگ ناپسند ہی کیوں نہ کریں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں زیادہ تر منفی کرداروں کی ہی پیشکش ہوتی ہے جب کہ وہ خود بھی برے کردار مزے سے کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ دہائی قبل انہوں نے ’کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی‘ نامی ڈرامے میں دادا کا کردار ادا کیا تھا حالانکہ تب وہ کافی کم عمر تھے لیکن ان کے منفی کرداروں کو کافی سراہا گیا۔
سلیم معراج نے تھیٹر اور سوشل میڈیا کے اداکاری پر اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تھیٹر کرنے والا اداکار منجھا ہوا ہوتا ہے، اس میں اعتماد آجاتا ہے اور وہ ہر کردار ادا کر سکتا ہے، لیکن سوشل میڈیا بالکل مختلف چیز ہے، سوشل میڈیا مشہور ہونے کا اچھا پلیٹ فارم ہے اور وہ سوشل میڈیا پر کام کرنے والے تمام افراد کی قدر کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ انہیں اداکاری نہیں آتی۔