لاہور: (محمد بلال) نامور پاکستانی اداکارہ ثنا نواز نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کی باتیں درست نہیں ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ ثنا نواز نے دنیا نیوز کے مقبول ترین شو "مذاکرات" میں شرکت کی جس میں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثنا نواز کا کہنا تھا کہ جب میں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تب بھی یہ باتیں گردش کرتی تھیں کہ پاکستانی انڈسٹری زوال کا شکار ہے، یہ باتیں اب بھی گردش کر رہی ہیں، پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کی باتیں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے جتنی بھی عزت ملی وہ فلم انڈسٹری کی وجہ سے ہی ملی، میں اتنی عزت کے لائق نہیں تھی، مجھ پر خدا کا کرم ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ نئے اداکار کام کے بجائے زیادہ تر لباس، فیشن اور خوبصورت نظر آنے پر توجہ دیتے ہیں اور جب کوئی برانڈ انہیں اپنا ایمبیسیڈر بناتا ہے تب بھی وہ اپنی خوبصورتی کی بات کر رہے ہوتے ہیں۔
یک طرفہ محبت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ثنا نواز کا کہنا تھا کہ جب تک محبت رہتی ہے تب تک اس کے یک طرفہ ہونے کا علم نہیں ہوتا جب ختم ہوتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایک طرف کی محبت تھی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے کیریئر کے دوران جو غلطیاں کیں اس پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں، جو کچھ کیا بہتر کیا اور اپنے سکون کیلئے کیا۔