لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ مریم انصاری نے کہا ہے کہ حمل کا فوٹو شوٹ کروانے پر مجھے تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی۔
حال ہی میں مریم انصاری نے غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جہاں مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا وہیں انہوں نے اپنا انسٹا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کرنے کی وجہ بھی بتائی۔
انٹرویو کے دوران سوشل میڈیا سے دوری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم کا کہنا تھا کہ حاملہ ہونے پر میں نے یہ خوشخبری اپنے مداحوں کیساتھ انسٹاگرام پر شیئر کی، حاملہ ہونے کی تصاویر پر جہاں مجھے مبارکبادیں موصول ہوئیں وہیں مجھے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرے حمل کے فوٹوشوٹ کو بہت بُرا سمجھا گیا جیسے میں مسلمان نہیں ہوں، لوگوں نے کہا کہ یہ تو انگریزوں کا کلچر ہے، جس پر میں نے کہا کہ کیوں پاکستانیوں کے بچے نہیں پیدا ہوتے؟مسلمان خواتین حاملہ نہیں ہوتیں؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے میری اتنی بڑی خوشی کو دکھ کا باعث بنا دیا، منفی باتیں پڑھ کر میں جذباتی طور پر اندر سے ٹوٹ گئی تھی جس کی وجہ سے مجھے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کرنا پڑا۔