مقبول امریکی سیریز ’فرینڈز‘ سے شہرت پانے والے اداکار میتھیو پیری چل بسے

Published On 29 October,2023 10:42 am

امریکا: (ویب ڈیسک) مشہورِ زمانہ امریکی ٹیلی ویژن سیریز ’’فرینڈز‘‘ میں ’’چاندلر بنگ‘‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار میتھیو پیری 54 برس کی عُمر میں چل بسے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اداکار میتھیو پیری گزشتہ روز لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر واش روم کے ٹب میں مردہ حالت میں پائے گئے، تاہم اداکار کی اچانک موت کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ میتھیو پیری اپنی موت سے دو گھنٹے قبل ہی پیکل بال کھیل کر اپنے گھر واپس آئے تھے جس کے بعد اداکار نے اپنے اسسٹنٹ کو کسی کام کے سلسلے میں گھر سے باہر بھیج دیا تھا۔

بتایا جا رہا ہے کہ جب اداکار کا اسسٹنٹ دو گھنٹے بعد واپس گھر آیا تو میتھیو اپنے واش روم کے ٹب میں مردہ حالت میں موجود تھے جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس کو جائے وقوعہ سے کسی قسم کی نشہ آور چیز نہیں ملی اور نہ ہی وہاں لڑائی جھگڑے سے متعلق کوئی ثبوت ملا۔