ایل سلواڈور: (فہیم حیدر): نکاراگوا کی 23 سالہ حسینہ شینس پالاسیوس نے مس یونیورس 2023ء کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
ایل سلواڈور میں منعقد ہونے والے عالمی مقابلہ حسن "مس یونیورس" میں 80 سے زائد ممالک کی حسیناؤں نے حصہ لیا۔
نکاراگوا کی حسینہ شینس پالاسیوس مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہیں جبکہ تھائی لینڈ اور مس آسٹریلیا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔
شینس پالاسیوس نکاراگوا سے یہ مقابلہ حسن جیتنے والی پہلی خاتون ہیں، وہ مس یونیورس کا تاج سر پر پہنتے ہوئے خوشی سے آبدیدہ ہو گئیں۔
دوسری جانب عالمی مس یونیورس کے مقابلے میں شرکت کرنے والی پاکستان کی ماڈل ایریکا رابن کی کیٹ واک نے پردیس میں دیسی رنگ بکھیر دیئے، 25 سالہ پاکستانی ماڈل ایریکا رابن نے ساتھی امیدواروں کو پیچھے چھوڑ کر ہر ایک کی توجہ سمیٹی۔
مس یونیورس کے مقابلے کے مختلف حصوں میں ایریکا رابن نے روایتی و ثقافتی ملبوسات کو جدت کا رنگ دے کر زیب تن کیا۔
ایک مقابلے میں قومی پرچم میں موجود اقلیتوں کی نمائندگی کرنے والے سفید رنگ کا انتخاب کیا اور سفید موتیوں اور ستاروں سے جھلملاتا خوبصورت سلور گاؤن پہنا جس نے شائقین کی توجہ حاصل کر لی۔