لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر پاکستانی اداکارہ اسماء عباس نے کہا ہے کہ جب میری موت کی افواہوں کے حوالے سے مجھے لوگوں کی کال آتی ہے تو شرمندگی ہوتی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ اسما عباس نے نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ نے اپنے متعلق سب سے زیادہ عجیب و غریب افواہ کیا سنی ہے؟ جس پر اداکارہ نے اپنی موت سے متعلق افواہوں کا ذکر کیا۔
سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اکثر اوقات ایک خبر گردش کرتی رہتی ہے کہ میں مر چکی ہوں، میرے انتقال کی خبر پر جب لوگ مجھے فون کال کرتے ہیں تو اتنی شرمندگی ہوتی ہے، میں انہیں جواب دیتی ہوں ’سوری میں تو زندہ ہوں‘۔
ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے اسما نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ قبل گلوکار سجاد علی کا فون آیا جس پر میں پہلے حیران ہوئی کہ اتنی بڑی شخصیت مجھے کال کر رہی ہے، میں خوش ہوگئی تھی کہ سجاد نے مجھے یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ سجاد نے فون پر میری خیریت دریافت کی جس پر میں نے جواب دیا کہ میں تو بالکل ٹھیک ہوں، جس پر گلوکار نے کہا کہ میں اور میرے گھر والے آپ کے انتقال کی خبر پر بہت پریشان تھے۔
یاد رہے کہ تقریباً 5 یا 6 سال قبل اداکارہ اسما عباس کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی تاہم اب وہ اس بیماری سے مکمل صحتیاب ہو چکی ہیں اور مختلف ڈراموں کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔