لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سدرہ نیازی نے ٹک ٹاکرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہمیں اپنی زندگیاں سب کے سامنے کھول کر رکھنی پڑ رہی ہیں، آپ مجھ پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں ہے۔
سدرہ نیازی نے فہد مصطفیٰ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بالکل ٹھیک کہا تھا کہ مواد کے نام پر ہمیں اپنی زندگیاں سب کے سامنے کھول کر رکھنی پڑ رہی ہیں، یہ انتہائی دکھ کی بات ہے اور ایسا کرنے پر ہمیں نتائج کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں اپنی زندگی کی مصروفیات بالکل شیئر نہیں کرتی، مجھ سے جتنا ممکن ہوتا ہے اپنے متعلق بنیادی اپڈیٹس مداحوں تک ضرور شیئر کرتی ہوں، آپ میرے کام کے بارے میں بات کر سکتے ہیں، مجھ پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر فیملی کے نام پر مواد شیئر کرنے پر سدرہ نیازی نے کہا کہ اداکاروں کے علاوہ انفلوئنسرز، بلاگرز کی بڑی تعداد اس کام کے لیے تیار ہے کہ انہوں نے کیا کھایا، کیا پکایا، کہاں گئے، کس سے ملاقات کی، گھر پر کیا ہوا، کیا خوشی منائی، وہ کس موڈ میں ہیں، ایسے لوگ اپنی زندگی کے بارے میں ہر چیز سوشل میڈیا پر بتاتے ہیں اور یہ کام شوق سے کرتے ہیں۔
سدرہ نیازی نے کہا کہ جو لوگ ایسا کام کرتے ہیں آپ ضرور کریں لیکن مجھ جیسے لوگ جو سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کی مصروفیات شیئر نہیں کرنا چاہتے ان کی پرائیویسی کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔