لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم نے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثناء جاوید کی شادی پر اہم سوال پوچھ لیا۔
ثنا جاوید اور شعیب ملک نے 20 جنوری کی صبح اپنی شادی کی تصدیق کی، اس جوڑی کی اچانک شادی نے سب کو حیران کر دیا۔
اس شادی پر جہاں کچھ شوبز فنکاروں نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کو مبارکباد دی تو وہیں معروف اداکارہ ریشم نے اہم سوال پوچھ لیا۔
ریشم نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے اس جوڑی کی شادی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’محبت کی انتہا اور پھر شادی اور پھر بیزاری اور دوریوں کا کھولتا ہوا سمندر‘‘۔
اُنہوں نے صارفین سے اُن کی رائے دریافت کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’’کیا شادی آج کے دور میں ایک فلاپ شو ہے؟‘‘
واضح رہے کہ شعیب ملک نے سال 2010 میں بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے پہلی شادی کی تھی، دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔
دسمبر 2022 سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں لیکن دونوں سٹارز کی جانب سے طلاق کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی، تاہم اب شعیب ملک کی ثناء جاوید سے شادی کے بعد ثانیہ مرزا کے والد نے اُن کی بیٹی کی طلاق کی تصدیق کر دی ہے۔