لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نےکہا ہے کہ شادی جیسے نازک رشتے میں رہ کر کن چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صحیفہ جبار نے شادی کے رشتے میں آنے والے ناخوشگوار لمحات اور طلاق یا علیحدگی کو خفیہ رکھنے اور سوشل میڈیا پر شادی کے اچھے لمحات کو شیئر کرنے پر اداکاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز سمیت نامور شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز اپنے فالوورز کو شادی جیسے نازک رشتے کے بارے میں غلط تصویر پیش کررہے ہیں، اس رشتے میں رہ کر کن چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔
صحیفہ نے ساتھی اداکاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو مشورہ دیا کہ کیمرے کے سامنے بیٹھ کر اپنے نوجوان فالوورز کو شادی کے رشتے میں آنے والے چیلنجز کے بارے میں وہ باتیں بتائیں جو والدین انہیں بتانا بھول جاتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب آپ سوشل میڈیا پر اپنی شادی، برائیڈل شاور، بے بی شاور، ہنی مون اور دیگر خوشگوار لمحات شیئر کرتے ہیں تو مداحوں کو یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ آپ نے اس رشتے میں رہ کر کن چیلنجز کا سامنا کیا۔
اداکارہ نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بالکل پسند نہیں کہ جب اداکار اور انفلوئنسرز سوشل میڈیا پر اپنے جیون ساتھی کے ساتھ صرف خوشگوار لمحات شیئر کرتے ہیں لیکن اسی جیون ساتھی کے ساتھ گزرے مشکل لمحات پر بات نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں خراب اور تشدد پر مبنی تعلقات کے خلاف ہوں، میں اس بات پر بھی یقین رکھتی ہوں کہ انسان کو کسی بھی رشتے پر اپنے خواب، عزائم، عزت نفس اور ذہنی حالت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے لیکن کسی بھی انسان کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر رشتہ ختم نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے اداکاروں اور انفلوئنسرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فالوورز سے سچ بولیں، نوجوان نسل کو مشکلات کے بارے میں بھی آگاہ کریں، اپنے غیر ملکی دوروں کی تصاویر پوسٹ کرنا بند کریں، فالوورز کو بتائیں کہ آپ نے کتنی محنت کے ساتھ سب کچھ حاصل کیا ہے، نوجوان نسل کو چیلنجز بارے بتائے بغیر محنت کا پھل مت دکھائیں۔