لاہور: (ویب ڈیسک) آل راؤنڈر کرکٹر شعیب ملک کی اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کے بعد بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثانیہ مرزا نے شعیب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
بہن انعم مرزا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری بیان میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی تصدیق بھی کی۔
انہوں نے نوٹ میں لکھا کہ ’ثانیہ نے ہمیشہ عوام سے اپنی نجی زندگی کو پوشیدہ رکھا، البتہ آج ضرورت پیش آگئی ہے کہ وہ یہ بات سب سے شیئر کرے کہ شعیب اور اس کی طلاق کو کچھ ماہ گزر چکے ہیں‘۔
انہوں نے ٹینس سٹار کا پیغام مداحوں تک پہنچاتے ہوئے کہا کہ ’ثانیہ اپنے سابق شوہر شعیب کی نئی زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے‘۔
انعم مرزا نے مداحوں سے درخواست کی کہ ’ثانیہ کی زندگی کے اس نازک وقت پر ہم تمام مداحوں سے اپیل کرتے ہیں کہ کسی قسم کی جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں اور پرائیویسی کا خیال رکھیں‘۔
اس کے علاوہ یہ ہی نوٹ ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا کی جانب سے بھی ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا ہے۔
— Imran Mirza (@imrandomthought) January 21, 2024
واضح رہے کہ اپریل 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی جوڑی شعیب اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی افواہیں دسمبر 2022 سے زیرگردش تھیں۔