شہباز شگری سے منگنی ختم کرنے کا فیصلہ میرا تھا: آئمہ بیگ کا انکشاف

Published On 25 February,2024 07:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک)پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ شہباز شگری سے منگنی ختم کرنے کا فیصلہ میرا تھا۔

معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اداکار شہباز شگری سے اپنی منگنی ختم ہونے کے بارے میں بھی بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ کچھ خفیہ کہانیاں تھیں جو ہمارے درمیان چل رہی تھیں، لوگ ان کہانیوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اور میں ان کہانیوں کے بارے میں بات کرنا نہیں چاہتی کیونکہ ان کہانیوں میں بہت سے اور لوگ بھی شامل تھے جن کا میں نام نہیں لینا چاہتی۔

گلوکارہ نے کہا کہ شادی 2 خاندانوں کے درمیان ایک نیا رشتہ بناتی ہے اور ہم دونوں کی فیملیز کے درمیان کبھی کسی طرح کا کوئی مسئلہ نہیں تھا، دونوں فیملیز بہت اچھی ہیں، منگنی ختم کرنے کا فیصلہ ہمارا باہمی تھا لیکن بنیادی طور پر یہ فیصلہ میرا تھا لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ میرا فیصلہ لینے کا طریقہ غلط تھا۔

آئمہ بیگ نے کہا کہ منگنی ٹوٹنے کے بعد میں نے مداحوں کے لیے سوشل میڈیا پر ایک میسیج لگایا تھا جسے بہت عجیب انداز میں سمجھا گیا اور لوگوں نے صرف مجھے برا بھلا کہنا شروع کر دیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس وقت میری فیملی نے مجھے بہت سپورٹ کیا اور میرے بہن بھائی سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو مجھ سے چھپاتے تھے لیکن ظاہر ہے موبائل فون میرے پاس بھی ہے تو مجھے پتہ چل ہی جاتا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگ میرے بارے میں کس طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔