لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر پاکستانی اداکار عثمان پیرزادہ نے بھاری بل موصول ہونے پر گھر کی بجلی کٹوانے پر غور شروع کردیا۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بجلی بلوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عثمان پیرزادہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے گھر کا بجلی کا بل دیکھ کر چونک گیا کیونکہ وہ میری سوچ سے بہت زیادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی آنے والے مہینوں میں کیا ہوگا، پتا نہیں آئندہ میری سکت ہوگی بھی یا نہیں کہ بل ادا کرسکوں، میں نے سولر سسٹم لگوانے کا سوچا تھا لیکن اب ہماری حکومت اس پر بھی ٹیکس لگانے کی کوشش کررہی ہے۔
سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ میں، میری اہلیہ اور میری بیٹی ہم ایک ہی اے سی استعمال کرتے ہیں اور ہم تینوں اُسی ایک کمرے میں سوتے ہیں لیکن اس کے باوجود بہت زیادہ بل آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی ان لوگوں کے بارے میں سوچتا ہوں جن کے وسائل کم ہیں یا مالی طور پر مضبوط نہیں ہیں کہ وہ کیسے گزارا کرتے ہوں گے، اوپر سے شدید گرمی، یہ بھی نہیں کرسکتے کہ بجلی کے بغیر گزارا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا بل اتنا خوفناک آیا ہے کہ کیا ہی بتاؤں، اگر حالات بہتر نہ ہوئے اور اسی طرح زیادہ بل آتے رہے تو مجھے مجبوراً اپنے گھر کی بجلی کٹوانی پڑے گی۔