لاہور: (دنیا نیوز) شہنشاہِ غزل مہدی حسن کا 97 واں یوم پیدائش منایا گیا۔
گائیکی کے شہنشاہ مہدی حسن 18 جولائی 1927ء کو راجستھان کے ضلع جے پور میں پیدا ہوئے، 1942ء میں پہلی بار راجہ صاحب بڑودہ کے دربار میں گائیکی کا مظاہرہ کیا، موسیقی کے ساتھ ساتھ پہلوانی سے بھی شغف رکھتے تھے۔
انہوں نے کراچی میں بننے والی فلم ’’شکار ‘‘کیلئے پہلی بار پلے بیک سنگر کی حیثیت سے گانا ریکارڈ کرایا لیکن انہیں اپنی کمپوز کی ہوئی فیض کی غزل سے غیرمعمولی شہرت حاصل ہوئی۔
مہدی حسن نے طویل عرصے تک فنِ موسیقی کے اُفق پر حکمرانی کی، ہزاروں فلمی و غیر فلمی گیت اور غزلیں گائیں، شہنشاہِ غزل نے جو بھی گایا وہ امر ہو گیا، شہنشاہ غزل کو تمغہ حسن کارکردگی، ہلال امتیاز سمیت تمام نمایاں قومی سطح کے ایوارڈز عطا کئے گئے، 15 نگار ایوارڈ اور 25 گریجوایٹ ایوارڈ بھی ان کے حصے میں آئے، انہیں بھارت اور نیپال کی حکومت نے بھی ایوارڈ سے نوازا۔
مہدی حسن کو 1966ء میں اس وقت کے صدرِ مملکت ایوب خان نے شہنشاہِ غزل کا خطاب دیا۔
گائیکی کے شہنشاہ مہدی حسن کے یوم پیدائش کے موقع پر شو بز انڈسٹری کے زیر اہتمام مختلف تقریبات میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔