لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ ماہرہ خان اور فواد خان جب سکرین پر آتے ہیں تو سحر طاری ہوجاتا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنی آنے والی ویب سیریز ’برزخ‘ کی پرموشن کے دوران ایک نجی میگزین کو انٹرویو دیا۔
دوران انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ مجھے اور فواد کو ایک ساتھ کاسٹ کرنے میں اتنا وقت کیوں لگا ، شاید اس لیے کیونکہ جب میں اور فواد خان ایک ساتھ سکرین پر نظر آتے ہیں تو ہماری جوڑی مختلف نظر آتی ہے، شاید ہم اتنے اچھے نہیں لگتے جتنے ماہرہ خان اور فواد کی جوڑی لگتی ہے۔
انہوں بتایا کہ جب فواد خان اور ماہرہ خان ایک ساتھ سکرین پر آتے ہیں تو دیکھنے میں اچھا لگتا ہے، ان کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا ہے، جب دونوں سکرین پر ساتھ نظر آتے ہیں تو ایک سحر طاری ہوجاتا ہے۔
صنم سعید نے کہا کہ برزخ میں ہم 12 برس کے بعد ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، اس سے قبل ’زندگی گلزار ہے‘ میں کام کیا تھا تو ہمیں بطور رومانوی جوڑی دکھایا گیا تھا لیکن برزخ میں ایسا نہیں ہے ہم بہن بھائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مداحوں کو سمجھنا چاہیے کہ ہم اداکار ہیں اور یہ ضروری نہیں کہ ہم ایک ہی طرح سے نظر آئیں، اس طرح بھی ہمیں قبول کریں۔
خیال رہے کہ صنم سعید اور فواد خان نے برزخ میں ایک دوسرے سے محبت کے کرداروں کے بجائے سوتیلے بہن اور بھائی کا کردار ادا کیا ہے، ان دونوں کی ویب سیریز کو گزشتہ ہفتے بھارتی سٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو اور زندگی یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا تھا۔