لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی سپر سٹار اداکار فواد خان اور صنم سعید کی متنازع انڈین ویب سیریز ’برزخ‘ کو یوٹیوب سے ہٹانے کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی کی تحریر کردہ اور بنائی گئی ویب سیریز "برزخ" کو بھارتی پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے اور اس سیریز کو بھارتی سٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔
19 جولائی کو بھارتی یوٹیوب چینل پر ریلیز ہونے والی سیریز "برزخ" کی پہلی اور دوسری قسط نے جہاں پاکستانی اور بھارتی مداحوں کے دل جیتے وہیں سریز کی تیسری قسط دیکھ کر پاکستانی مداح غصے سے بھڑک اٹھے۔
"برزخ" کی تیسری قسط میں دو مرد کرداروں کے درمیان رومانوی مناظر اور رغبت دکھائی گئی تھی، اس کے علاوہ سیریز میں فحاشی، زنا اور بچوں کی ذہن سازی بھی دکھائی گئی ہے۔
پاکستان میں ہم جنس پرستی کے مواد پر شدید ردعمل کے بعد بھارتی یوٹیوب چینل نے انسٹاگرام پر اعلان کیا ہے کہ وہ 9 اگست سے ویب سیریز کو یوٹیوب سے ہٹا دیں گے۔
اپنے اعلامیہ میں انہوں نے لکھا کہ فیصلہ پاکستانی ناظرین کو مدنظر رکھ کرکیا گیا ہے اور وہ اپنے ناظرین کو عزت اور احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔