ممبئی: (ویب ڈیسک) فلم ’صنم تیری قسم‘ کا سیکوئل پاکستانی معروف و خوبرو اداکارہ ماورا حسین کے بغیر بنے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ کا سیکوئل ’جانم تیری قسم‘ بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
تاہم اداکارہ ماورا حسین اور اداکار ہرش وردھن رانے کو ایک بار پھر ایک ساتھ دیکھنے کے خواہش مند پرستاروں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ فلم کے سیکوئل کے مرکزی کرداروں کے لیے نئے چہروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 2016ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’صنم تیری قسم‘ اداکار کمل ہاسن اور اداکارہ رینا رائے کی 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’صنم تیری قسم‘ کا ری میک تھی، اس فلم کی شوٹنگ کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقا میں کی گئی تھی۔
فلم ’صنم تیری قسم‘ میں اداکارہ ماورا حسین کی جاندار اداکاری کے باعث انہیں آج بھی اس فلم کے باعث پہچانا جاتا ہے جبکہ بھارت سے باہر بسنے والے کئی بالی ووڈ پرستار یہ سمجھتے ہیں کہ ماورا حسین شاید بھارتی اداکارہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس ’جانم تیری قسم‘ کی ہدایت کاری رادھیکا راؤ اور ونے سپرو کریں گے، اس فلم کی کہانی فلم ’عاشقی 2‘ کی طرح موسیقی کے گرد گھومے گی۔
فلم سازوں کو سیکوئل کے لیے ایک ایسی ہیروئن کی تلاش ہے جس کی آواز متاثر کن ہو، جو گانا گانے کی صلاحیت رکھتی ہو اور جس کی عمر 18 سے 20 سال کے درمیان ہو۔