دبئی کی شہزادی نے 'طلاق' پرفیوم لانچ کردیا

Published On 10 September,2024 03:25 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صاحبزادی شیخہ مہرہ نے "طلاق" کے نام سے پرفیوم متعارف کروا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سالہ شہزادی شیخہ مہرہ المکتوم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے نئے پرفیوم کی لانچ کا اعلان کیا ہے، دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ نے اپنے برانڈ ایم 1 کے تحت اس پرفیوم کو متعارف کروایا ہے۔

سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی اور انسٹاگرام پر 9.8 لاکھ فالوورز رکھنے والی شہزادی نے اپنے پرفیوم کی لانچ سے قبل اس حوالے سے ابتداً ایک ویڈیو جاری کی تھی۔

مذکورہ ویڈیو میں ٹوٹے ہوئے شیشے، کالی پنکھڑیاں اور ایک بلیک پینتھر کا مونٹیج دکھایا گیا تھا، اب شہزادی نے پرفیوم کی بوتل کی رونمائی کردی ہے جس کا رنگ سیاہ ہے اور اس پر "ڈائیوورس" تحریر ہے۔

واضح رہے کہ جولائی میں شیخہ مہرہ نے محض شادی کے ایک سال بعد ہی اپنے شوہر سے طلاق کا اعلان کردیا تھا جبکہ جوڑے کے ہاں مئی 2024 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔