لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ آج کل کے دور میں خوبصورتی بڑھانے یا بڑھاپا چھپانے کے لیے خواتین کی جانب سے میک اپ سرجریز کرانے کی وجہ سے ہر کوئی ایک جیسا دکھنے لگا ہے۔
اداکارہ نیلم منیر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے فٹنس اور خوبصورتی و دیگر مسائل سمیت اہم موضوعات پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں نیلم منیر نے کہا کہ دراصل خوبصورتی بڑھانے اور بڑھاپے کو چھپانے کے لیے میک اپ سرجریز کروانا شوق کا کام ہے اور مذکورہ کام وہی کرواتے ہیں جنہیں شوق ہوتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر کسی کے چہرے میں جھریاں ہو رہی ہیں یا کچھ لائنیں نظر آنے لگتی ہیں تو ان سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں یہ قدرتی عمل ہے جسے قبول کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا ہے کہ آج کل تو ایسا ہو گیا ہے کہ ہر کسی نے چہروں پر اتنا کام کروایا ہے کہ تمام لوگ ایک جیسے نظر آنے لگے ہیں۔