ممبئی: (دنیا نیوز) مدھر اور پاکیزہ آواز، سروں کی پختگی، بیسویں صدی کی بہترین گلوکارہ لتا منگیشکر کی آج تیسری برسی ہے۔
عشروں پر پھیلے ہوئے کیریئر میں سُروں کی ملکہ نے لگ بھگ 70 برس تک گائیکی کی، محمد رفیع، کشور کمار اور مکیش کے ساتھ ان کے گائے گانے یادگار بن گئے، برصغیر پاک و ہند کی کئی نسلیں بُلبل ہند کے گیت سن کر جوان ہوئیں۔
لتا منگیشکر ملکہ ترنم نور جہاں کو اپنا گرو مانتی تھیں، لتا نے اپنی سُریلی آواز میں گائے ہوئے گانوں کا ایک خزانہ چھوڑا، انہوں نے 50 ہزار سے زائد گانے گائے۔
60 کی دہائی میں ان کے گائے ہوئے فلم مغل اعظم کے گانے ’’جب پیار کیا تو ڈرنا کیا‘‘ نے کامیابیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے تھے۔
گلوکارہ لتا منگیشکر 1929ء میں پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے 13 برس کی عمر میں گانا شروع کیا تھا، لیجنڈری گلوکارہ نے اپنا پہلا گانا 1942ء میں ریکارڈ کرایا تھا، کئی دہائیوں تک آواز کا جادو جگایا، انہوں نے اپنے گلوکاری کے کیریئر میں 36 سے زائد زبانوں میں گیت گائے۔
گائیکی کی وجہ سے لتا منگیشکر کو بھارت کی بلبل کا خطاب دیا گیا تھا، لتا منگیشکر 06 فروری 2022ء میں انتقال کر گئی تھیں۔