مریم نفیس کو ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ فوٹوشوٹ پر تنقید کا سامنا

Published On 06 February,2025 03:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم نفیس کو ایک بار پھر ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ فوٹوشوٹ کروانے اور تصاویر شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

مریم نفیس کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور وہ حمل کے دوران ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

پہلے بھی انہیں ’بے بی بمپ‘ کے ہمراہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اداکارہ نے تنقید کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایک بار پھر تصاویر شیئر کردیں۔

اداکارہ نے شوہر کے ہمراہ بھی ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ رومانوی فوٹوشوٹ کی ویڈیو شیئر کی جبکہ انہوں نے تصاویر بھی شیئر کیں جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی تصاویر اور ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور ان پر بے حیائی پھیلانے کا الزام عائد کیا۔

زیادہ تر خواتین نے ان پر تنقید کی اور ان کے انداز کو ’بے حیائی‘ قرار دیتے ہوئے انہیں شرم کرنے کی ہدایات کیں۔

جہاں صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا وہیں مداحوں نے ان کی خوبصورتی، لباس اور فیشن کی تعریفیں بھی کیں تاہم بعض خواتین نے انہیں اونچی ایڑی والے جوتے نہ پہننے کی ہدایات کیں۔

اداکارہ کی حمایت کرنے والے افراد نے منفی تبصرے کرنے والوں کو بھی جوابات دیئے اور لکھا کہ اگر لوگوں نے غلط اور نفرت انگیز تبصرے کرنے ہوتے ہیں تو اچھا ہوگا کہ وہ کمنٹس ہی نہ کیا کریں۔