انٹرنیشنل ایوارڈ جیتنے والی رومانوی فلم ’’مائی فیورٹ کیک‘‘ کو ایران میں پابندیوں کا سامنا

Published On 08 February,2025 02:53 am

تہران: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ایوارڈز جیتنے والی رومانوی فلم کو ایران میں شدید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

ایران میں بننے والی رومانوی فلم ’’مائی فیورٹ کیک‘‘کو بین الاقوامی پذیرائی مل رہی ہے لیکن ایرانی حکام کی جانب سے اس پر سخت دباؤ اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، اس فلم کے ہدایتکار مریم مقدم اور بہتاش صناعیہا کو ایرانی حکومت کی طرف سے مختلف الزامات کا سامنا ہے۔

یہ فلم ایک بیوہ اور ایک مرد کی کہانی پر مبنی ہے جو اپنی تنہائی دور کرنے کے لئے ایک رات ساتھ گزارتے ہیں، فلم میں ایران میں 1979 کے اسلامی انقلاب سے پہلے کی زندگی اور سماجی پابندیوں کو موضوع بنایا گیا ہے، جبکہ اس میں بغیر حجاب کے خواتین کی عکاسی کی گئی ہے جو ایرانی سینما میں کم ہی دیکھی گئی ہے۔

حکام نے 2023ء میں ان کے دفتر پر چھاپہ مارا تھا اور اس کے بعد سے ہدایتکاروں کو بار بار تفتیش کے لئے بلایا جا رہا ہے، ان کے پاسپورٹ ضبط کر لئے گئے ہیں اور فلم میں کام کرنے والے اداکاروں پر بھی مقدمات درج کر دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ فلم فرانس، برازیل، یونان اور ناروے سمیت کئی ممالک میں نمائش کے لئے پیش کی جا رہی ہے جبکہ امریکہ سمیت مزید سات ممالک میں اس کی ریلیز متوقع ہے۔