غزہ کی جدوجہد نے اسرائیل کو گُھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا: آیت اللہ خامنہ ای

Published On 28 January,2025 10:24 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی جدوجہد نے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تہران میں سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ چھوٹے اور محدود غزہ نے ایسی صہیونی حکومت کوگھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کردیا، جو جدید اسلحے سے لیس اور امریکا کی مکمل حمایت حاصل تھی۔

دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے شہریوں کو مصر اور اردن یا کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پرشدید تنقید کی۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ سیاسی جبر اور جغرافیائی مداخلت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین چھوڑنے پر مجبور نہیں کرسکتی ہے کیونکہ غزہ فلسطینیوں کا ہے، ان کی مادر وطن ہے اور وہاں رہنے کے لیے انہوں نے بھاری قیمت چکائی ہے۔

خیال رہے کہ ایک سال سے زائد عرصے جاری رہنے کے بعد حماس اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ ہفتے جنگ بندی ہوئی تھی اور اس کے تحت اسرائیل نے اپنے گرفتار شہریوں کی رہائی کے بدلے سیکڑوں فلسطینیوں کو رہا کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔