تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے اوپیک سے امریکہ کو رکن ممالک پر دباؤ ڈالنے سے روکنے کا مطالبہ کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے گزشتہ روز دارالحکومت تہران میں اوپیک کے سیکرٹری جنرل ہیثم الغیث کے ساتھ ملاقات کی اور انہوں نے تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) کے اراکین پر زور دیا کہ وہ متحد ہو جائیں اور امریکا کو رکن ممالک میں سے کسی پر دباؤ ڈالنے سے باز رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اوپیک کے اراکین کو اس طرح سے کام کرنا چاہئے کہ ان کے اقدامات سے کسی دوسرے رکن کو نقصان نہ پہنچے، انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اگر اوپیک کے اراکین متحد اور مستقل طور پر کام کرتے ہیں تو امریکا ان میں سے کسی ایک پر بھی پابندی نہیں لگا سکے گا اور نہ ہی دباؤ میں ڈال سکے گا۔
ایرانی صدر نے ملاقات کے دوران اوپیک کے اراکین کی مشترکہ زبان، رویہ اور پالیسی کی اہمیت اور تنظیم کو سیاست سے دور رکھنے کی کوششوں پر زور دیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل اوپیک نے تنظیم میں ایران کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک بانی رکن کے طور پر ایران نے ہمیشہ اوپیک میں مثبت کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اوپیک نے ہمیشہ اپنےرکن ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی کوشش کی ہے تاکہ ان کے اجتماعی مفادات کی ضمانت دی جا سکے، اس طرح کے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔