معروف اداکارہ مہر النسا برطانیہ میں شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

Published On 14 April,2025 05:27 pm

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکارہ مہرالنساء اقبال برطانیہ میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ کے نکاح کی مختلف ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئی ہیں، شادی کی مختصر تقریب کا اہتمام برطانیہ کی پہلی مسجد میں کیا گیا، جس میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر اور بہو نیہا تاثیر سمیت قریبی عزیزوں اور دوست احباب نے اداکارہ کی شادی میں شرکت کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں مہرالنساء کو سرخ لہنگے میں دیکھا جاسکتا ہے جس پر سُنہرا لیس ورک کیا گیا ہے، اداکارہ کے دولہا نے مسجد میں ہونے والے نکاح کے موقع پر سرمائی رنگ کے سوٹ کا انتخاب کیا۔

اداکارہ کے سادگی سے ہونے والے نکاح کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں، وائرل تصاویر اور ویڈیوز سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے نکاح کی مختصر تقریب کا اہتمام گزشتہ روز کیا گیا تھا اور ان کے دولہا میاں کا نام زکریا ہے۔

وائرل تصاویر و ویڈیوز کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے مداحوں، ساتھی فنکاروں اور دوست احباب کی جانب سے مبارک باد اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔