نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ویرات کوہلی نے اپنے 14 سالہ کیریئر کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے جس پر ان کے مداح اداس ہوگئے اور اہلیہ انوشکا شرما نے ایک جذباتی پیغام جاری کر دیا۔
انوشکا شرما نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر اپنے شوہر ویرات کوہلی کے نام ایک حوصلہ افزا اور جذباتی پیغام لکھا، انوشکا شرما نے وہرات کوہلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ آنسو یاد رکھوں گی جو تم نے کبھی نہیں دکھائے۔
اداکارہ انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کے ایک ٹیسٹ میچ کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ لوگ ریکارڈز اور اُن سنگ میلوں کو یاد رکھیں گے جو تم نے حاصل کیں۔
انوشکا شرما نے مزید لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ ان سب تجربوں سے تم نے بہت کچھ سیکھا۔ ہر ٹیسٹ سیریز کے بعد تم میں مزید سمجھداری اور عاجزی آئی اور اس سب کے ذریعے تمھیں مزید نکھرتے ہوئے دیکھنا میرے لیے ایک اعزاز تھا۔
خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا تھا کہ 14 سال قبل جب پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا تھا تو کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ سفر مجھے کہاں لے جائے گا۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے 123 ٹیسٹ میچز میں 9 ہزار 230 رنز بنائے جس میں 30 سنچریاں شامل ہیں جب کہ 2014 سے 2022 تک ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے دوران 68 میں سے 40 میچز میں فتح حاصل کرکے بھارت کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان ثابت ہوئے ہیں۔