صنم چودھری نے شوبز میں مشروط واپسی کا اشارہ دے دیا

Published On 15 June,2025 01:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سابقہ اداکارہ صنم چودھری نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حالات اور کردار موزوں ہوئے تو وہ مکمل حجاب کے ساتھ ڈرامہ انڈسٹری میں واپسی پر غور کر سکتی ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سوال و جواب کے ایک سیشن کے دوران ایک مداح نے صنم چودھری سے سوال کیا کہ کیا آپ حجاب کے ساتھ ڈرامہ انڈسٹری میں واپس آئیں گی؟ جس پر سابقہ اداکارہ نے جواب دیا کہ اگر کوئی ایسا پروجیکٹ ہو جو لوگوں کو اللہ کے قریب لائے اور مجھے اپنی حدود کے اندر کام کرنے دیا جائے، تو واپسی مکمل حجاب کے ساتھ ممکن ہے۔

ان کے اس جواب پر مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی دیکھنے میں آئی۔

ایک صارف نے لکھا کہ ایسی باحجاب واپسی انڈسٹری کیلئے مثبت قدم ہوگی جبکہ ایک اور نے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری میں ایسے بامقصد کرداروں کی ضرورت ہے، صنم کی واپسی خوش آئند ہوگی۔

واضح رہے کہ صنم چودھری نے کچھ سال قبل شوبز کو خیرباد کہہ کر شادی اور روحانی سفر کو ترجیح دی تھی، انہوں نے گلوکار سومی چوہان سے شادی کی اور اب دو بچوں کی ماں ہیں، سابقہ اداکارہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دین اور قرآن سے متعلق تعلیمات کو شیئر کرتی ہیں، جہاں ان کے چاہنے والوں کی تعداد 2.6 ملین ہیں۔

شوبز سے کنارہ کشی سے قبل صنم چودھری نے متعدد معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا، ان کی جاندار اداکاری، معصومیت بھرا انداز اور مضبوط سکرین پریزنس نے انہیں کم وقت میں مقبول اداکاراؤں کی صف میں لاکھڑا کیا تھا۔