لاہور: (فہیم حیدر) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا ترین نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دو بار یک طرفہ محبت ہوئی مگر دونوں نہایت تکلیف دہ تجربات تھے۔
اداکارہ زارا ترین حال ہی میں دنیا نیوز کے مقبول ترین پروگرام "مذاق رات" میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے گفتگو کے دوران اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں۔
زارا ترین نے بتایا ہے کہ انہیں زندگی میں دو مرتبہ یک طرفہ محبت ہوئی جو ان کے لیے نہایت تکلیف دہ تجربات تھے جس نے بے حد مایوس کیا، پہلی بار دل ٹوٹنے پر انسان مایوس ہو جاتا ہے جبکہ دوسری بار ایسا ہو تو غصہ خود پر آتا ہے کہ دوبارہ موقع کیوں دیا۔
یاد رہے کہ زارا ترین 2021 میں پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں اور شادی کے بعد امریکا منتقل ہو گئی تھیں تاہم ڈیڑھ سال بعد ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں منظر عام پر آئیں جس نے سب کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
اگرچہ دونوں نے اس بارے میں باضابطہ بیان نہیں دیا تاہم زارا نے بعد میں سوشل میڈیا پر اپنی طلاق سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اس عمل کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا۔
دوران شو ان کا کہنا تھا کہ ازدواجی تعلق ختم ہونا آسان نہیں ہوتا اور پردے کے پیچھے بہت سی مشکلات اور جدوجہد چھپی ہوتی ہے، انہوں نے اپیل کی کہ ان کی ذاتی زندگی کا احترام کیا جائے کیونکہ وہ آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔