مس یونیورس مقابلہ میں پہلی بار فلسطین کی نمائندگی

Published On 16 August,2025 11:08 am

دبئی: (ویب ڈیسک) فلسطینی ماڈل ندین ایوب نے اعلان کیا ہے کہ وہ مشہور مقابلہ حسن مس یونیورس میں فلسطین کی نمائندگی کریں گی۔

مقابلہ حسن مس یونیورس کا 74 واں ایڈیشن رواں برس نومبر میں تھائی لینڈ کے شہر پاک کریٹ میں منعقد ہو گا، یہ ایسا پہلا موقع ہو گا جب فلسطین کی جانب سے کوئی ماڈل مس یونیورس میں شرکت کرے گی۔

انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے ندین ایوب نے لکھا کہ آج میں مس یونیورس کے سٹیج پر صرف ایک اعزاز کے ساتھ نہیں بلکہ ایک سچائی کے ساتھ قدم رکھ رہی ہوں، جب فلسطین، خاص طور پر غزہ دکھ اور صدمے سے گزر رہا ہے، میں ایک ایسی قوم کی آواز بن کر آئی ہوں جو چُپ ہونے سے انکار کرتی ہے۔

وہ مزید لکھتی ہیں کہ میں ہر فلسطینی عورت اور بچے کی نمائندگی کر رہی ہوں جن کی طاقت دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے، ہمارے صرف اپنے دکھ نہیں ہیں، ہم استقامت، امید اور ایک ایسے وطن کی دھڑکن ہیں جو ہم میں زندہ ہے۔

ندین ایوب ان دنوں دبئی میں مقیم ہیں اور وہ ایک فٹنس کوچ اور غذائی ماہر کے طور پر جانی جاتی ہیں، انہوں نے 2022 میں منیلا میں ہونے والے مس ارتھ مقابلے میں مس ارتھ واٹر کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

انہوں نے اس مقابلے میں بھی پہلی فلسطینی خاتون کی حیثیت سے شرکت کی تھی۔

یاد رہے کہ مس ارتھ کو دنیا کے چار بڑے بین الاقوامی حسن کے مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے جن میں مس ورلڈ، مس یونیورس اور مس انٹرنیشنل شامل ہیں۔

ندین ایوب کو 2022 میں مس فلسطین کا تاج پہنایا گیا تھا، وہ اولیو گرین اکیڈمی کی بانی ہیں جو ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہے جو پائیداری کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ جوڑ کر مواد تخلیق کرنے کی تربیت فراہم کرتا ہے۔