ہانگ کانگ : (ویب ڈیسک) مارشل آرٹس کے ستارے اور مشہور زمانہ اداکار جیکی چن نے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد جاسوس تھے اور والدہ منشیات سمگلنگ میں ملوث رہی تھیں۔
ایک انٹرویو میں71 سالہ سپر سٹار جیکی چن نے بتایا کہ انہیں 40 سال کی عمر میں علم ہوا کہ ان کے والد چارلس چن دراصل ایک جاسوس تھے۔
جیکی کے مطابق ایک دن ان کے والد نے ڈرائیونگ کے دوران انہیں بتایا کہ بیٹا، میں بوڑھا ہو گیا ہوں، اور شاید ایک دن سو کر جاگ نہ پاؤں، اس لیے ایک راز بتا رہا ہوں کہ تمہارا اصل نام چن نہیں بلکہ فنگ ہے اور میں ایک جاسوس ہوں۔
جیکی نے بتایا کہ وہ اس انکشاف پر بے حد حیران ہوئے اور کچھ وقت تک اسے سمجھ نہ سکے۔
ان کے والد کی خفیہ زندگی اور والدہ کی ماضی میں منشیات سمگلنگ اور جوا کھیلنے کی سرگرمیوں پر دستاویزی فلم ’’ٹریسز آف دی ڈریگن‘‘ بنی ہے۔
یاد رہے کہ جیکی چن نے 1995 میں ’’رمبل ان دی برونکس‘‘ سے ہالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور اب ’’کراٹے کڈ: لیجنڈز‘‘ میں اپنے مشہور کردار مسٹر ہان کے طور پر واپسی کی ہے۔