ہالی ووڈ ایکشن ہیرو ٹام کروز موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار

Published On 13 May,2025 07:23 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹام کروزنے مشن امپاسیبل کے بعد میوزیکل فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ہالی ووڈ کے مشہور ایکشن ہیرو ٹام کروز نے اپنے مداحوں کو حیران کر دیا ہے، کیونکہ وہ ایک نئے کیریئر کی تیاری کر رہے ہیں، فلم مشن امپاسیبل دی فائنل ریکوننگ Mission: Impossible The Final Reckoning کی ریلیز سے پہلے، لندن میں گفتگو کرتے ہوئے ٹام کروز نے اپنی موسیقی اور میوزیکل فلموں سے متعلق اظہار خیال کیا۔

ٹام کروز نے کہا کہ میوزیکل فلمیں میری خواہش ہیں، ڈرامے، ایکشن، ایڈونچر یہ سب کچھ ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے، انکا کہنا تھا کہ میں نے کیریئر کے آغاز میں ہی انڈر واٹر سینز کیے تھے اور پھر آہستہ آہستہ ان میں مہارت حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ میں سیٹ پر ہمیشہ کچھ نہ کچھ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، چاہے وہ پانی کے اندر شوٹنگ ہو یا کوئی نیا فن، میں دوسرے اداکاروں سے بھی کہتا ہوں کہ ٹریننگ کرو، دلچسپی تلاش کرو، چاہے وہ موسیقی ہو یا کوئی ساز۔

ٹام کروز نے معروف اداکار اور ہدایتکار بین اسٹلر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں بین اسٹلر کا بڑا مداح ہوں، وہ ایک زبردست ہدایتکار اور اداکار ہے، میں ضرور اس کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہوں گا، میں اپنے کردار پر خود تحقیق کرتا ہوں، اس کے مطابق اسکرپٹ تلاش کرتا ہوں اور پھر اسے ایک نیا رنگ دیتا ہوں۔

واضح رہے کہ ٹام کروز کی نئی فلم مشن امپاسیبل دی فائنل ریکوننگ رواں سال 21 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے۔