کراچی: (دنیا نیوز) بھارتی پروازوں کے لئے پاکستانی فضائی حدود بندش کا دسواں روز، گزشتہ 9 روز کے دوران 1000 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہوئیں۔
بھارتی ایئرلائنز کو 9 روز میں 200 کروڑ بھارتی روپے سے زائد نقصان کا سامنا کرنا پڑا، ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، سپائس جیٹ، انڈیگو ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں منسوخ ہوئیں۔
پاکستان کی فضائی حدود بندش سے بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہوکر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے، لمبے روٹ سے فیول اور دیگر دگنے اخراجات نے بھارتی ایئرلائنز کی کمر توڑ کر رکھ دی۔
انڈیگو ایئر کو شدید نقصان کا سامنا ہے، انڈیگو ایئر کا وسط ایشیائی ملکوں کے لیے تاحال فضائی آپریشن معطل ہے، دہلی، ممبئی، امرتسر، بنگلور، احمد آباد سے دبئی کی بھارتی پروازیں بھی شدید متاثر ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکا جانے والی بھارتی پروازوں کے عملہ کو یورپ میں تبدیل کرنا پڑ رہا ہے، دو بار لینڈنگ اور ری فیولنگ سے بھارتی ایئرلائنز کو ایئرپورٹ چارجز کی مد میں بھی یومیہ کروڑوں کے اخراجات کا سامنا ہے۔
بھارتی مسافروں کو دہلی، ممبئی، امرتسر، احمد آباد سے امریکا، برطانیہ، یورپ کی پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے تک بڑھنے سے شدید پریشانی لاحق ہے، بھارتی مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے پر ایئرلائنز سے ریفنڈز بھی نہ مل سکے۔