لاہور: (دنیا نیوز) پہلگام فالز فلیگ آپریشن، پاکستانی ہندو برادری نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی مکمل تائید کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین آل پاکستان ہندو رائٹس موومنٹ ہارون سراب دیال نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ فالز فلیگ کے ذریعے ایک ڈرامہ رچاتا ہے، ہم ریاست پاکستان کے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔
چیئرمین امن کمیٹی مینارٹی وِنگ کشور سونی نے کہا کہ ہندوستان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، ہماری فوج اتنی کمزور نہیں کہ منہ توڑ جواب نہ دے سکے، پاکستان کے ہندو پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ ہیں۔
سماجی کارکن راجیو ٹھاکر نے کہا کہ ہم پاکستانی امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں، ہم نہ ہی جنگوں سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی لڑنے سے۔۔
ایک اور سماجی کارکن راج کمار نے کہا کہ بھارت کی پاکستان پر الزام تراشی بچگانہ حرکت ہے، پاکستان کے دفاع کی خاطر جان دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
صُدم چند نے کہا کہ پاکستان کی خاطر اپنے بچے بھی قربان کر دیں گے جبکہ مہندرا کمار کا کہنا تھا کہ ناکامی پر صرف بھڑکیں مار رہا ہے، ہم جنگ میں اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔