قوم متحد، وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہے: شیخ رشید احمد

Published On 03 May,2025 10:36 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہے، بھارت ایک جانب جنگ کی باتیں کر رہا ہے اور دوسری طرف مذاکرات کی بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنے وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہے، وقت آنے پر دنیا دیکھے گی کہ پاکستانی قوم کتنی عظیم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے جان دینے کا جذبہ ہر پاکستانی کے دل میں موجود ہے اور ہر فرد اپنے ملک اور دین اسلام کے لیے قربانی دینے کو تیار ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالات جنگ کی طرف نہیں جائیں گے کیونکہ اگر ایسا ہونا ہوتا تو اب تک حالات بہت بگڑ چکے ہوتے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت نے اگر پاکستانی قوم کو للکارا تو ہر بچہ، ہر فرد ملک کی حفاظت کے لیے میدان میں ہو گا۔