بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں براہ راست ملوث رہا ہے: عاصم افتخار

Published On 03 May,2025 06:44 am

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کہتے ہیں بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں براہ راست ملوث رہا ہے، آزادی، عزت اور ملک کی حفاظت کریں گے۔

نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ہم نے کچھ نہیں کیا نہ ہی صورتحال کو کشیدہ کرنے کیلئے کسی قسم کے اقدامات کئے، غزہ اور کشمیر میں ایک ہی مماثلت ہے دونوں جگہ پر غیرقانونی قبضہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائیگا: کورکمانڈرز کانفرنس

عاصم افتخار نے کہاکہ دونوں خطوں کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، غیر قانونی قبضے کا عمل دونوں خطوں کی عوام کو دبا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی تھی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال پر بات کی گئی تھی، اس دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی تھی۔