نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی 62 سالہ اداکارہ ڈیمی مور کو 2025 کی دنیا کی خوبصورت ترین شخصیت قرار دے دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ڈیمی مور کو پیپل میگزین کی جانب سے 2025 کی ’’دنیا کی خوبصورت ترین شخصیت‘‘ کا اعزاز دیا گیا ہے، 62 سالہ اداکارہ نے اس اعزاز کو حاصل کر کے عمر سے متعلق خوبصورتی کے روایتی معیاروں کو چیلنج کیا ہے۔
ڈیمی مور نے پیپل میگزین کو دیئے گئے انٹرویو میں عمر رسیدگی، خوبصورتی اور خود کو قبول کرنے کے بارے میں کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی عمر کے مطابق اپنے خدوخال کی زیادہ قدر کرتی ہیں اور اگرچہ کبھی کبھار آئینے میں وہ خود کو دیکھ کر عمر رسیدہ محسوس کرتی ہیں تاہم اپنی صحت اور فٹنس پر توجہ مرکوز رکھتی ہیں۔
انہوں نے اپنی جوانی کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صرف جسمانی خوبصورتی کو اہمیت دی جاتی تھی لیکن اب وہ صحت، ذہنی سکون اور زندگی کے معیار کو زیادہ اہم سمجھتی ہیں۔