لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ایک انوکھا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انٹرویوز دینا بند کردیں۔
ہمایوں سعید نے یہ بات نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کے دوران کہی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے خلیل الرحمان قمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ انٹرویوز دینا بند کر دیں، آپ پہلے ہی مشہور ہیں‘‘ میزبان نے اس پر مزاح کا رنگ بھرتے ہوئے کہا کہ ’’خاص طور پر رات کے اوقات میں تو ہرگز انٹرویو نہ دیں۔‘‘
میزبان نے ہمایوں سعید سے مزید دریافت کیا کہ ’’خلیل الرحمان قمر اکثر ناراض رہتے ہیں، کیا آپ سے اب بھی ناراض ہیں؟‘‘ جس پر ہمایوں سعید نے بتایا کہ ’’ابھی ٹھیک ہیں لیکن ماضی میں ایک سال تک ناراض تھے۔‘‘
یہ دلچسپ تبادلہ خیال پروگرام کے دوران ہونے والی عمومی بات چیت کا حصہ تھا، جس میں ہمایوں سعید نے مختلف موضوعات پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا، ان کا یہ مشورہ دراصل خلیل الرحمان قمر کے ان انٹرویوز کے حوالے سے تھا جن میں وہ کسی نہ کسی بات پر تنازع کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ہمایوں سعید نے اپنی جوانی کے دنوں کی دلچسپ یادیں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال کی عمر میں وہ ایک لڑکی سے محبت کرتے تھے جو ان کے چچا کے محلے میں رہتی تھی، وہ لڑکی کو دیکھنے کیلئے چچا کے گھر ٹیوشن پڑھانے جاتے تھے اور ٹیوشن کے بعد چھت پر چڑھ کر اس کی ایک جھلک دیکھنے کی کوشش کرتے تھے۔
ان کے مطابق ایک دن چچا کو شک ہوگیا اور انہوں نے یہ بات ان کے والد کو بتادی، والد نے پوچھا تو انہوں نے جھوٹ بول کر انکار کیا، جس پر والد نے غصے میں آکر انہیں تھپڑ مارا، وہ واقعہ آج بھی انہیں یاد ہے۔
اداکار نے یہ بھی بتایا کہ اسی لڑکی کو دیکھنے کیلئے وہ ایک مرتبہ حیدرآباد جانے والی ٹرین میں بھی سوار ہوگئے تھے، انہیں معلوم ہوا تھا کہ لڑکی اپنے گھر والوں کے ساتھ حیدرآباد جا رہی ہے، تو وہ اسے خدا حافظ کہنے کیلئے ٹرین میں سوار ہوئے اور بڑی مشکل سے اس کے ڈبے میں جا کر اسے اپنی شکل دکھائی، جس پر وہ لڑکی بھی حیران رہ گئی۔