کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے غریب اور مستحق فنکاروں کی مالی مدد کیلئے قائم مینجمنٹ بورڈ میں تبدیلی کردی۔
محکمہ ثقافت کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی منظوری سے چیف سیکرٹری سندھ نے نئے اراکین کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے محکمہ ثقافت کے ماتحت انڈومنٹ، وظیفوں کیلئے قائم مینجمنٹ بورڈ 2018 کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
ترجمان کے مطابق وزیرثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین ہوں گے، سیکرٹری ثقافت وائس چیئرمین اور ڈی جی کلچر بورڈ کے سیکرٹری و رکن ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ صدر آرٹس کونسل کراچی، صدر سکھر آرٹس کونسل، سیکرٹری جنرل سندھی ادبی بورڈ، گلوکارہ صنم ماروی اور گلوکار رجب فقیر، معروف اداکار جاوید شیخ، ایوب کھوسو، احسن خان، منیب بٹ، معروف ادیب نورالہدیٰ شاہ، مہتاب اکبر راشدی، یوسف بشیر قریشی اور عرفان سموں کمیٹی اراکین میں شامل ہیں۔
ترجمان محکمہ ثقافت کے مطابق بورڈ غریب اور مستحق فنکاروں، ادیبوں ، شاعروں اور اداکاروں کی مالی مدد کیلئے کام کرے گا جبکہ بورڈ سربراہان اور ممبران کے مشترکہ فیصلوں سے ضرورت مندوں کیلئے مالی امداد جاری کی جائے گی۔