ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکار پرکاش راج نے ایک مرتبہ پھر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے بھارتی والدین سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کی اپیل کی ہے۔
اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ایک تصویر شیئر کی، جس میں ایک لڑکے اور لڑکی کو دکھایا گیا ہے جبکہ ان کی ٹی شرٹس پر تحریر تھا، ’بیٹے کو آر ایس ایس سے بچائیں، بیٹی کو بی جے پی سے بچائیں۔‘
پرکاش راج نے پوسٹ کے ذریعے والدین کو خبردار کیا کہ اپنے بچوں کو ایسی سیاست سے دور رکھیں جو نفرت اور انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے۔
— Prakash Raj (@prakashraaj) October 20, 2025
رپورٹس کے مطابق اداکار نے یہ بیان اپنے قریبی دوست کے مبینہ طور پر بی جے پی کے غنڈوں کے ہاتھوں قتل کے بعد دیا، پرکاش راج عرصہ دراز سے بی جے پی کی مذہبی منافرت پر مبنی سیاست کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں اور ہمیشہ انسانیت، امن اور رواداری کا پیغام دیتے ہیں۔
گزشتہ ماہ 20 ستمبر 2025ء کو چنئی میں ہونے والے ایک بڑے فلسطین حامی جلسے میں بھی پرکاش راج نے طاقتور عالمی قوتوں اور خاموش رہنے والے رہنماؤں پر کڑی تنقید کی تھی۔