لاہور: (ویب ڈیسک) حال ہی میں ڈاکٹر نبیہہ اور حارث کھوکھر کی شادی نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی تھی تاہم تازہ گفتگو میں ڈاکٹر نبیہہ نے انکشاف کیا کہ شادی کے فوراً بعد ہی وہ طلاق لینے کے بارے میں سوچنے لگی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نبیہہ علی خان جو کہ ماہرِ نفسیات، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور میڈیا پرسنالٹی ہیں، چند روز قبل اپنے قریبی دوست حارث کھوکھر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، ان کا نکاح مولانا طارق جمیل نے ان کی رہائش گاہ پر پڑھایا اور یہ تقریب سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔
یہ جوڑا اس وقت مزید زیرِ بحث آگیا جب انہوں نے دلہن کے لباس اور زیورات کی قیمتوں کا کھلے عام ذکر کیا جس کے بعد انہیں مختلف حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
شادی کے بعد سے یہ دونوں متعدد پروگراموں اور انٹرویوز میں نظر آ رہے ہیں تاہم ایک حالیہ نجی ٹاک شو میں ڈاکٹر نبیہہ نے اس تنقید کے نفسیاتی اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ لوگوں کے ردِ عمل نے انہیں شدید ذہنی دباؤ کا شکار کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ان کی زندگی کے بدترین دنوں میں سے تھے اور وہ کبھی توقع نہیں کرتی تھیں کہ انہیں اس قدر دباؤ سے گزرنا پڑے گا۔



