لاہور : (دیب ڈیسک) پنجاب پولیس فلم فیسٹیول میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی کرائم تھرلر فلم "ججی" کو اب ایمازون پرائم کے بینر تلے امریکا اور برطانیہ میں ریلیز کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فلم کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی پر ڈائریکٹر حبیب شہزاد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی کامیابیوں اور محنت کو اجاگر کرنے میں نجی فلم ساز اداروں کی فلمیں اور ڈرامے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرائم موضوعات پر معیاری اور مؤثر فلم سازی کے لیے نجی پروڈکشن ہاؤسز کی حوصلہ افزائی اور معاونت جاری رکھی جائے گی۔
پاکستان کے معروف فنکار توقیر ناصر، عثمان پیرزادہ اور سید نور نے اس فیسٹیول میں ججز کے فرائض انجام دیے تھے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فلم "ججی" قومی و بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہے، فلم کی کہانی ایک سیریل کلر ججی کے ہاتھوں ہونے والی لرزہ خیز وارداتوں اور پولیس تفتیش کے ذریعے اس کی گرفتاری کے گرد گھومتی ہے، اس میں پولیس انویسٹیگیشن کے مختلف پہلوؤں اور تفتیش کے دوران پیش آنے والے مراحل کو حقیقت کے قریب انداز میں دکھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال پنجاب پولیس نے کرائم تھیم پر ایک فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا تھا جس میں نجی ادارے بی ایچ ایم فلمز کی تخلیق "ججی" نے بہترین کہانی، اداکاری اور دیگر تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔



