بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

Published On 24 November,2025 01:31 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کو دھرمیندر نے ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں آخری سانسیں لیں، ان کی رہائش گاہ کے باہر متعدد بالی ووڈ اداکاروں اور ان کے اہلخانہ کو سفید لباس میں آتے دیکھا گیا۔

معروف فلم ساز کرن جوہر نے بھی انسٹاگرام پر دھرمیندر کی موت کی تصدیق کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھرمیندر کو دو ہفتے قبل سانس لینے میں دشواری کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ رواں سال اپریل میں ان کی آنکھ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق دھرمیندر نے آخری بار اپنی اداکاری کے جوہر فلم  اکیس  میں دکھائے جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔

لیجنڈ اداکار کی زندگی پر ایک نظر
واضح رہے کہ دھرمیندر نے اپنے کیریئر کا آغاز 1960 میں فلم  دل بھی تیرا ہم بھی تیرے  سے کیا تھا، انہیں 2012 میں حکومت ہند کی جانب سے ہندوستان کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا۔

6 دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں دھرمیندر نے  شعلے ،  یادوں کی بارات ،  میرا گاؤں میرا دیش ،  نوکر بیوی کا ،  پھول اور پت ،  پھول اور پتلی  جیسی ایوارڈ یافتہ فلمیں کیں۔

وہ پنجاب کے لدھیانہ کے ایک گاؤں میں دھرمیندر کیول کرشن دیول کے نام سے پیدا ہوئے، انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے 19 سال کی عمر میں 1954 میں پرکاش کور سے شادی کی، بعدازاں انہیں اداکارہ ہیما مالنی سے پیار ہو گیا جس سے انہوں نے شادی کر لی۔

89 سال کی عمر میں بھی دھرمیندر سوشل میڈیا پر سرگرم رہے، وہ اکثر ایسی ویڈیوز شیئر کرتے رہے جو صحت مند زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔

ان کی انسٹاگرام پوسٹس میں سے کئی بار انہیں ٹریکٹر چلاتے ہوئے، اپنے فارم کی دیکھ بھال کرتے ہوئے اور اپنے مداحوں کو سادہ زندگی کے اسباق اور کاشتکاری کے مشورے پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔