2025 شوبز اور سپورٹس کی دنیا میں رشتوں کے اختتام کا سال

Published On 12 December,2025 12:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) 2025 شوبز اور سپورٹس کی دنیا میں رشتوں کے اختتام کا سال ثابت ہوا، کچھ جوڑوں نے خاموشی سے راستے جدا کیے تو کچھ کی علیحدگیاں سرخیوں پر چھا گئیں۔

2025اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے، سال کے آخری ماہ میں یہاں ان مشہور شخصیات کا خلاصہ ہے جنہوں نے رواں سال علیحدگی اختیار کی۔

سلینا جیٹلی اور پیٹر ہیگ
اداکارہ سلینا جیٹلی نے چند روز قبل ممبئی کی ایک عدالت میں اپنے شوہر پیٹر ہیگ کے خلاف گھریلو تشدد کے الزام میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔

پیٹر ہیگ پہلے ہی آسٹریا میں علیحدگی سے متعلق کارروائیاں شروع کر چکے تھے، دونوں 2010 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور اِن کے یہاں دو بار جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔

جینیفر لوپیز اور بین ایفلیک
2021 میں ازدواجی زندگی کا آغاز کرنے والا ہالی ووڈ جوڑا ایک بار پھر الگ ہو گیا، دونوں نے 2024 میں علیحدگی اختیار کی تھی اور فروری 2025 میں اِن کے درمیان باضابطہ طور پر طلاق ہو گئی۔

ان کی شادی کو دوسرا موقع ملنے کی امید رکھنے والے مداح اس فیصلے سے خاصے مایوس ہوئے۔

نکول کڈمین اور کیتھ اربن
19 سالہ شادی کے بعد نکول کڈمین نے 30 ستمبر کو امریکی شہر نیشویل میں طلاق کی درخواست دائر کی۔

طے شدہ معاہدے کے مطابق بیٹیوں کی سرپرستی میں نکول کو سال کے 306 دن ملیں گے جبکہ کیتھ کو 59 دن، دونوں 2006 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

جوڈی ٹرنر سمتھ اور جوشوا جیکسن
ہالی ووڈ اداکار جوڈی نے 2019 میں جوشوا جیکسن سے شادی کی تھی اور 2020 میں اِن کے یہاں ایک بیٹی ہوئی۔

ان کی طلاق مئی 2025 میں مکمل ہوئی تھی، عدالت میں مالی معاملات اور بچوں کی کفالت پر بحث ہونے کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر قانونی سرپرستی پر اتفاق کیا ہے۔

دھناشری ورما اور یوزویندر چہل

کوریوگرافر دھناشری ورما اور بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل کی علیحدگی سال کی سب سے زیادہ زیرِ بحث طلاقوں میں شامل رہی، طلاق کے بعد دھناشری ورما کو ملنے والے 4 کروڑ روپے اور مختلف افواہوں نے اس معاملے کو مسلسل خبروں میں رکھا۔

اس جوڑی نے 2020 میں شادی کی تھی اور اِن کی طلاق مارچ 2025 میں فائنل ہوئی۔

2025 میں شادی شدہ جوڑوں میں ہونے والے یہ علیحدگیاں یاد دلاتی ہیں کہ شہرت اور چمک دمک کے پیچھے بھی حقیقی زندگی کی مشکلات موجود ہوتی ہیں اور تعلقات کے امتحان سے کوئی بھی محفوظ نہیں۔