2025 میں والدین بننے والے بالی ووڈ کے خوش نصیب ستارے

Published On 12 December,2025 12:32 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں 2025 کا سال خوشیوں اور مسرتوں کی نوید لے کر آیا، جب کئی مشہور سلیبریٹیز نے اپنی زندگی کے نئے اور خوشگوار سفر کا آغاز کیا اور والدین بننے کی خوشی بھی حاصل کی۔

کترینہ کیف اور وکی کوشال سے لے کر کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ماہوترا تک، یہ سال بالی ووڈ کے کئی مشہور جوڑوں کیلئے یادگار رہا، جنہوں نے والدین بننے کی خوشیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔

آتھیا شیٹی اور کے ایل راہول

بالی ووڈ کے مشہور اداکار سنیل شیٹی کی صاحبزادی آتھیا شیٹی اور کرکٹر کے ایل راہول 24 مارچ کو بیٹی کے والدین بنے، اس خوشی کی خبر دونوں نے ایک سادہ پوسٹ کے ذریعے شیئر کی، ”ہمیں بیٹی کی نعمت ملی ہے۔“

بعد میں انہوں نے اپنی بیٹی کا نام ”ایوارہ“ رکھا اور ایک دل کو چھو لینے والے پیغام کے ساتھ اس کی تصویر شیئر کی، ”ہماری بیٹی، ہماری سب کچھ۔ ایوارہ - خدا کا تحفہ۔“

یاد رہے آتھیا شیٹی بھارتی اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی ہیں اور ان کی شادی بھارتی کرکٹر کے ایل راہول کے ساتھ جنوری 2023 میں ہوئی تھی۔

کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا

15 جولائی کو کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی، جوڑے نے ایک دل کو چھو لینے والی پوسٹ شیئر کی، ”ہمارے دل بھر گئے ہیں اور ہماری دنیا ہمیشہ کیلئے بدل گئی ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں بیٹی کی نعمت ملی“۔

انہوں نے اپنی بیٹی کا نام ”سارہ“ رکھا اور اس کا ایک خوبصورت عکس بھی شیئر کیا۔

یاد رہے کہ کیارا اور سدھارتھ نے کئی سال تعلقات میں رہنے کے بعد فروری 2023 میں شادی کی تھی، ان کے درمیان 2020 سے تعلقات کی خبریں زیر گردش تھیں اور دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا بھی گیا تھا۔

پرینیتی چوپڑا راگھو چڈھا

اکتوبر کے مہینے میں پرینیتی چوپڑا اور سیاست دان راگھو چڈھا نے ایک پوسٹ میں اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا، ان کی پوسٹ میں لکھا تھا: ”ہمیں اپنی زندگی میں پہلی بار یہ احساس ہوا کہ ہم سب کچھ رکھتے ہیں“، انہوں نے اپنے بیٹے کا نام ’نیئر‘ رکھا۔

واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے 2023ء میں شادی کی تھی

ارباز خان اور شورا خان

اسی ماہ 5 اکتوبر کو ارباز خان اور شورا خان بھی ایک بیٹی کے والدین بن گئے، انہوں نے ایک دلکش تصویر کے ساتھ اپنی بیٹی کی پیدائش کی خبر شیئر کی اور لکھا: ”سب سے چھوٹے ہاتھ اور پاؤں، لیکن ہمارے دل کا سب سے بڑا حصہ، سپارا خان۔“

واضح رہے کہ ارباز خان کی شورا خان سے شادی 24 دسمبر 2023ء کو ممبئی میں بہن ارپتا کے گھر ہوئی جس میں خان فیملی اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

کترینہ کیف اور وکی کوشال

7 نومبر کو کترینہ کیف اور وکی کوشال نے اپنے بیٹے کی آمد کا اعلان کیا، دونوں نے ایک محبت بھری پوسٹ شیئر کی، جس میں لکھا تھا ”ہمارا خوشی کا پل آ گیا، بے حد محبت اور شکر گزاری کے ساتھ ہم اپنے بیٹے کا استقبال کرتے ہیں۔“

یاد رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 کو راجستھان میں ایک شاندار تقریب میں شادی کی تھی۔ کترینہ کی حاملہ ہونے کی خبریں 2022 اور 2023 میں بھی گردش کرتی رہی تھیں، تاہم ان خبروں کی تردید کترینہ کے قریبی ذرائع نے کی تھی۔

راجکمار راؤ اور پترلیکھا

نومبر کا مہینہ مزید خوشیوں کا حامل تھا، 7 نومبر کو کترینہ اور وکی کے بعد 15 نومبر کو راجکمار راؤ اور پترلیکھا نے بھی اپنی بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا، اس دن ان کی شادی کی سالگرہ بھی تھی، دونوں نے اپنے مداحوں کو خوشخبری دیتے ہوئے لکھا: ”ہمیں بے حد خوشی ہے کہ خدا نے ہمیں بیٹی کی نعمت عطا کی۔

یاد رہے کہ راج کمار اور پترلیکھا نے 15 نومبر 2021 کو شادی کی، اس سے قبل انہوں نے فلم سٹی لائٹس میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔