کرسمس پر منگولین انداز میں جنگل بیلز سوشل میڈیا پر وائرل

Published On 25 December,2025 09:25 am

ایمسٹر ڈیم: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک انوکھا اور دلچسپ میوزیکل توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں کرسمس کا مشہور گیت Jingle Bells ایک بالکل نئے اور غیر متوقع انداز میں پیش کیا گیا، گانے کے منفرد ورژن نے نہ صرف صارفین کو حیران کر دیا ہے بلکہ شوبز اور میوزک ٹرینڈز میں بھی تیزی سے مقبولیت حاصل کر لی۔

نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے معروف ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر اُمت اوزکان نے روایتی کرسمس کیرول جنگل بیلز کو منگولین سٹائل میں ڈھال کر کلب میوزک کا حصہ بنا دیا، اس ورژن میں منگولین دھن، مخصوص انداز کے بول اور جدید ٹیکنو بیٹس شامل کیے گئے ہیں جس نے گانے کو بالکل نیا رنگ دے دیا ہے۔

اُمت اوزکان نے اس گانے کا مختصر کلپ ایک ہفتہ قبل انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا، ویڈیو کو اب تک آٹھ لاکھ سے زائد لائیکس مل چکے ہیں جبکہ صارفین اسے "کرسمس ریو پارٹی" کے لیے بہترین میوزک قرار دے رہے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹاگرام پر موجود سانتا کلاز کے آفیشل اکاؤنٹ نے بھی اس منفرد گانے کو سراہا، سانتا کلاز نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ایلوز ورکشاپ میں اس گانے پر جھوم رہے ہیں مجھے بار بار یاد دلانا پڑ رہا ہے کہ رقص چھوڑ کر تحفے مکمل کریں۔

غیر معمولی پذیرائی کے بعد اُمت اوزکان نے مداحوں کے مطالبے پر 20 دسمبر کو اس گانے کی مکمل ویڈیو یوٹیوب پر جاری کی جبکہ ایک دن بعد یہ گانا سپاٹی فائی پر بھی ریلیز کر دیا گیا، یہ سب ابتدا میں محض ایک تفریحی خیال تھا مگر مداحوں کے زبردست ردعمل نے اسے مکمل میوزیکل پروجیکٹ میں بدل دیا۔

ویڈیو میں ایک منگولین شخص کو روایتی لباس میں گاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس نے ناظرین کے تجسس میں مزید اضافہ کیا تاہم اُمت اوزکان کا کہنا ہے کہ یہ حقیقی فوٹیج ہے جس میں AI-assisted visuals کا استعمال کیا گیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور ثقافت کا خوبصورت امتزاج پیش کرتا ہے۔