’ایاز صادق، جے شنکر کا مصافحہ‘! نئے سال کی آمد پر ایسی تصویر خوش آئند ہے: علی ظفر

Published On 02 January,2026 09:34 am

لاہور: (ویب ڈیسک) بین الاقومی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے ایس شنکر کی ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے سال کی آمد پر خوشگوار قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر علی ظفر نے سپیکر قومی اسمبلی اور بھارتی وزیر خارجہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ نئے سال کے پہلے دن ایسی تصویر دیکھنا خوش آئند ہے، دونوں ممالک ماضی کی کشیدگی اور منفی آوازوں سے آگے بڑھتے ہوئے پائیدار امن کی جانب قدم بڑھائیں گے، اگر دونوں فریق نفرت انگیز بیانیے، ٹرولز، منفی سوچ رکھنے والوں اور تخریبی عناصر کے شور سے نکل کر آگے بڑھیں تو اربوں لوگوں کے لیے خوشحالی اور ترقی کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔

گلوکار نے امید ظاہر کی کہ ہمیں توقع ہے کہ سال 2026 وہ سال ہو جو امن اور ترقی لے کر آئے،انہوں نے ایاز صادق، جے شنکر کی مصافحے کی تصویر کو پاک بھارت کرکٹ ہینڈ شیک تنازع میں نیا موڑ قرار بھی دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور مصافحہ بھی کیا جسے سیاسی حلقوں میں ایک حیران کن پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے درمیان ملاقات ڈھاکا میں ہوئی جہاں دونوں رہنما بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کیلئے موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے پاس آئے اور دونوں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا،یہ ملاقات مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ کے بعد اعلیٰ سطح پر پہلا رابطہ تھا کہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ہر قسم کے سیاسی و سفارتی رابطے بھی منقطع ہیں۔

پاک بھارت جنگ کے بعد بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے منع کر دیا تھا تاہم دیگر کھیلوں میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہاتھ ملاتے رہے۔

یاد رہے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان میں گزشتہ برس ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس دوران ان کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی تھی۔