سعودی شخص کا بیٹے کو جہازوں کا تحفہ، خبر جھوٹی نکلی

Last Updated On 14 September,2019 10:35 am

ریاض: (ویب ڈیسک) گزشتہ دنوں میڈیا پر ایک خبر زیر گردش رہی کہ ایک سعودی شخص نے اپنے بیٹے کو تحفے میں جہاز خرید کر دیدیے ہیں۔

ایک ویب سائٹ پر گزشتہ ماہ 15 اگست کو شائع ہونے والی اس خبر نے ہر قاری کی توجہ حاصل کرلی تھی۔ اس خبر کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنے بیٹے کو سالگرہ کا انتہائی مہنگا تحفہ دیتے ہوئے دنیا کے قیمتی ترین دو ایئربس جہاز خرید کر دیدیے۔

خبر کے مطابق سعودی شخص نے ایئربس کمپنی حکام سے رابطہ کیا اور انھیں جہازوں کا آرڈر دیدیا۔ اس شخص نے کمپنی کو 32 کروڑ 90 لاکھ یوروز کی رقم ادا کی۔ کمپنی نے چند ماہ بعد اس شخص سے دوبارہ رابطہ کیا کہ آپ کے جہاز تیار ہیں انھیں اُڑا کر کون لے کر جائے گاَ

تاہم اب یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ یہ خبر حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ جعلی تھی کیونکہ جس ویب سائٹ پر خبر شائع ہوئی وہ طنز ومزاح پر مبنی خبریں شائع کرتی ہے اور یہ خبر بھی ایک مذاق ہی تھی۔ ویب سائٹ پر خبر کے اختتام پر درج تھا کہ شائع شدہ تمام مواد طنزیہ ہے۔

سوشل میڈیا کے اعدادوشمار جاننے کی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک پر 3000 سے زائد بار اس جعلی خبر کو شیئر کیا گیا۔ اسی طرح انسٹا گرام پر 2000 سے زائد بار اسے لائیک کیا گیا۔